واشنگٹن: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ غزہ میں پائیدار امن ہمارا مشن ہے اور آزاد، خود مختار فلسطینی ریاست کا قیام اس امن کے لیے ناگزیر ہے۔ فلسطینیوں کو ان کا حق دیا جانا چاہیے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی زیر صدارت غزہ پیس بورڈ کے پہلے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ غزہ پیس بورڈ کے افتتاحی اجلاس میں شرکت باعث افتخار ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ غزہ میں پائیدار امن کے حصول میں کامیابی حاصل ہو اور مشرق وسطیٰ میں آج کا دن امن کے لیے سنہری باب ثابت ہو۔
وزیراعظم نے کہا کہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق فلسطینیوں کے حقوق کا احترام کیا جانا چاہیے اور دیرپا امن کے لیے غزہ میں سیزفائر کی خلاف ورزیاں بند ہونی چاہئیں۔
انہوں نے صدر ٹرمپ کے کردار کو بھی سراہا اور کہا کہ صدر ٹرمپ کی بروقت مداخلت کی وجہ سے پاک بھارت جنگ رک گئی، جس سے ہزاروں قیمتی جانیں بچیں اور جنوبی ایشیا کو بڑی تباہی سے بچایا گیا۔



