اپریل 18, 2026

تھکن سے بیداری تک وجود کی بازیافت کا سفر

تحریر: محمدانور بھٹی

بندن میاں اپنی پرانی سی بیٹھک میں حسب معمول شام کے اترتے ہوئے سناٹے کو سن رہے تھے میز پر رکھی چائے کی پیالی سے اٹھتی بھاپ ایسے معلوم ہوتی تھی جیسے وقت اپنی سرد سانسیں چھوڑ رہا ہو اور دوسری طرف رکھا حقہ دھیرے دھیرے سلگ رہا تھا جیسے زندگی کا کوئی پرانا باب خاموشی سے کھل رہا ہو اتنے میں ایک صاحب نے آ کر دھیمی آواز میں وہ جملے پڑھ کر سنائے کہ مجھے لگتا تھا میں کبھی تھک نہیں سکتا لیکن پتہ نہیں کیوں اب بہت تھک گیا ہوں زندگی سے اپنے اندر موجود ہر احساس سے لا حاصل امیدوں سے ہر رشتے سے ہر بار کے ٹوٹتے اعتبار سے حتی کہ اپنے وجود سے بھی اور مجھے یہ پتہ ہی نہیں کیوں بندن میاں نے آنکھیں بند کیں جیسے لفظوں کو اپنے اندر اتار رہے ہوں پھر ایک گہرا کش لیا اور دھواں فضا میں چھوڑتے ہوئے بولے میاں انسان اس دن نہیں تھکتا جس دن وہ زیادہ کام کر لیتا ہے وہ اس دن تھکتا ہے جس دن وہ زیادہ یقین کر لیتا ہے کیونکہ یقین جب ٹوٹتا ہے تو اس کی کرچیاں صرف دل میں نہیں گرتیں وہ روح کی تہوں تک اتر جاتی ہیں تم کہتے ہو تمہیں معلوم نہیں کیوں تھک گئے ہو تو سنو تھکن ہمیشہ وہاں جنم لیتی ہے جہاں آدمی نے خود کو حد سے زیادہ سچا رکھا ہو تم نے شاید ہر رشتے کو آخری سچ سمجھ لیا ہر وعدے کو حرف آخر مان لیا ہر مسکراہٹ کو خلوص کا استعارہ جان لیا اور جب وقت نے ثابت کیا کہ دنیا کے اکثر پیمانے مفاد سے بنے ہوتے ہیں تو تمہارے اندر کا بھروسا لڑکھڑا گیا یہ لڑکھڑاہٹ ہی اصل تھکن ہے بندن میاں نے چائے کا گھونٹ لیا اور آہستہ سے بولے میاں انسان کو زندگی نہیں تھکاتی اسے زندگی کا بے معنی ہوجانا تھکاتا ہے جب آدمی صبح اٹھے اور اسے اپنی جدوجہد کا مقصد دکھائی نہ دے جب وہ رشتے نبھائے اور بدلے میں شک پائے جب وہ محبت دے اور جواب میں خاموشی ملے تو وہ آہستہ آہستہ اپنے ہی وجود سے اجنبیت محسوس کرنے لگتا ہے تمہاری باتوں میں جو دکھ ہے وہ اس بات کا گواہ ہے کہ تم نے اپنے اندر کے احساس کو زندہ رکھا ورنہ جو لوگ پتھر بن جاتے ہیں انہیں تھکن محسوس نہیں ہوتی وہ صرف چلتے رہتے ہیں بغیر یہ جانے کہ وہ کہاں جا رہے ہیں بندن میاں نے حقے کی نالی کو ایک طرف رکھتے ہوئے کہا میاں تم نے لا حاصل امیدوں کا ذکر کیا امید کبھی لا حاصل نہیں ہوتی اگر وہ تمہیں کچھ سکھا جائے ہر نامکمل خواب انسان کو یہ سکھا جاتا ہے کہ وہ اپنی خواہش کو حقیقت سے الگ پہچانے تم نے شاید ہر امید کو یقینی سمجھ لیا اور جب وہ پوری نہ ہوئی تو تم نے خود کو قصوروار ٹھہرا لیا حالانکہ ہر ناکامی تمہاری کمزوری نہیں ہوتی بعض اوقات وہ تقدیر کی حفاظت بھی ہوتی ہے انسان جس چیز کو اپنا حق سمجھتا ہے وہ ضروری نہیں کہ اس کے حق میں ہو بندن میاں مسکرائے اور بولے تم ہر رشتے سے ہر بار کے ٹوٹتے اعتبار کی بات کرتے ہو میاں اعتبار دراصل وہ شیشہ ہے جسے ہم خود اپنے ہاتھوں میں تھامتے ہیں ہم دوسروں کو اس کا محافظ بنا دیتے ہیں اور جب وہ ہاتھ کانپتے ہیں تو ہم سمجھتے ہیں کہ شیشہ انہوں نے توڑا حالانکہ ہمیں اپنی حفاظت کا ہنر سیکھنا ہوتا ہے رشتہ کبھی مکمل سہارا نہیں ہوتا وہ ساتھ ہوتا ہے سہارا انسان کو اپنے اندر سے تلاش کرنا پڑتا ہے جب آدمی اپنی بنیاد دوسروں کے رویوں پر رکھ دیتا ہے تو پہلی ہی آندھی اسے ہلا دیتی ہے اس لیے سب سے پہلے اپنی بنیاد کو مضبوط کرو اپنی قدر کو دوسروں کی تعریف یا تنقید سے آزاد کرو بندن میاں کی آواز میں اب نرمی کے ساتھ گہرائی بھی تھی وہ بولے میاں تمہیں اپنے وجود سے بیزاری اس لیے ہوئی کہ تم نے اپنے وجود کو دوسروں کے آئینے میں دیکھا اگر تم خود اپنے آئینے میں جھانکو تو تمہیں نظر آئے گا کہ تم اب بھی وہی ہو جو سچ بولتا ہے جو خلوص سے جیتا ہے جو وفا کو عبادت سمجھتا ہے اور یہی صفات تمہاری اصل طاقت ہیں دنیا انہیں کمزوری سمجھتی ہے کیونکہ دنیا جلد بازی میں جیتی ہے اور سچ آہستہ چلتا ہے بندن میاں نے میز پر انگلیوں سے ہلکی سی دستک دی اور بولے میاں تھکن دراصل روح کی پکار ہوتی ہے کہ وہ خود کو دوبارہ ترتیب دینا چاہتی ہے جیسے کمرہ بکھر جائے تو ہم اسے سمیٹتے ہیں ویسے ہی جب دل بکھر جائے تو اسے بھی ترتیب دینا پڑتی ہے کچھ یادوں کو تہہ کر کے رکھنا ہوتا ہے کچھ خوابوں کو خاموشی سے رخصت کرنا ہوتا ہے کچھ لوگوں کو دل سے آزاد کرنا ہوتا ہے تب جا کر انسان ہلکا ہوتا ہے اور جب انسان ہلکا ہوتا ہے تو اس کے قدموں میں پھر سے روانی آ جاتی ہے تم یہ سمجھ رہے ہو کہ تم ختم ہو گئے ہو حالانکہ تم صرف تبدیل ہو رہے ہو ہر گہری تھکن کے بعد ایک نئی بصیرت جنم لیتی ہے بشرطیکہ آدمی اپنی شکست کو تسلیم کر لے اور اسے سبق بنا لے بندن میاں نے ایک لمحہ توقف کیا اور پھر کہا میاں یاد رکھو جو شخص اپنی تھکن کا اعتراف کر لے وہ ابھی زندہ ہے جو سوال کرے کہ میں کیوں تھک گیا ہوں وہ ابھی شعور رکھتا ہے اصل خطرہ اس وقت ہوتا ہے جب انسان کو کچھ محسوس ہی نہ ہو تم محسوس کر رہے ہو اس کا مطلب ہے تمہارے اندر زندگی ابھی باقی ہے تم نے زندگی کو شاید بہت سنجیدگی سے لیا اور یہی تمہاری خوبصورتی ہے مگر اب وقت ہے کہ تم زندگی کو سمجھداری سے لو سنجیدگی اور سادگی میں فرق ہے سادگی انسان کو مضبوط بناتی ہے اور حد سے زیادہ سنجیدگی اسے کمزور کر دیتی ہے اپنی توقعات کو کم کرو اپنی کوشش کو خالص رکھو اور اپنے نتیجے کو خدا کے سپرد کرو پھر دیکھنا تمہارے اندر کی تھکن آہستہ آہستہ اترنے لگے گی بندن میاں نے چائے کی آخری چسکی لی اور بولے میاں انسان دراصل امید کا مسافر ہے مگر اسے یہ سیکھنا پڑتا ہے کہ ہر امید کو اپنی منزل نہ سمجھے کچھ امیدیں راستہ دکھانے کے لیے ہوتی ہیں منزل بنانے کے لیے نہیں تم نے شاید ہر چراغ کو سورج سمجھ لیا اور جب وہ بجھ گیا تو اندھیرا زیادہ محسوس ہوا اب تمہیں یہ سیکھنا ہے کہ اپنے اندر بھی ایک چراغ جلاؤ جو دوسروں کے دم سے نہ جلے جب وہ چراغ روشن ہوگا تو نہ رشتوں کا ٹوٹنا تمہیں مٹائے گا نہ لا حاصل خواب تمہیں گرائیں گے تم چلتے رہو گے کیونکہ تمہاری روشنی تمہارے اندر ہوگی بندن میاں نے آسمان کی طرف دیکھا اور دھیرے سے کہا میاں یاد رکھو انسان کبھی مکمل طور پر نہیں ٹوٹتا جب تک وہ خود ہار نہ مان لے تم تھکے ہو مگر ہارے نہیں ہو تم زخمی ہو مگر مردہ نہیں ہو تم سوال کر رہے ہو اس کا مطلب ہے تمہارا ضمیر جاگ رہا ہے اور جاگتا ہوا ضمیر ہی انسان کی سب سے بڑی دولت ہوتا ہے اس دولت کو سنبھال کر رکھو اسے مایوسی کے ہاتھ نہ بیچو اپنی تھکن کو اپنی تربیت بنا لو اپنی ناکامی کو اپنا استاد بنا لو اور اپنے وجود کو دوبارہ اپنا دوست بنا لو پھر دیکھنا یہی زندگی جو آج بوجھ لگ رہی ہے کل تمہاری سب سے بڑی نعمت بن جائے گی کیونکہ میاں جو شخص اپنی راکھ سے اٹھنا سیکھ لیتا ہے وہی اصل میں آگ کا وارث بنتا ہے اور جو آگ کا وارث ہو جائے اسے اندھیرا کبھی مکمل طور پر نگل نہیں سکتا۔