اکتوبر 30, 2026

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026: سپر ایٹ میں رسائی کے لیے پاکستان کو آخری میچ لازمی جیتنا ہوگا

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 میں بھارت کے ہاتھوں 61 رنز سے شکست کے بعد پاکستان کی سپر ایٹ مرحلے تک رسائی خطرے میں پڑگئی ہے اور قومی ٹیم کو کوالیفائی کرنے کے لیے اپنا آخری گروپ میچ ہر صورت جیتنا ہوگا۔

گروپ اے کے اہم مقابلے میں شکست کے بعد بھارت سپر ایٹ مرحلے میں پہنچ چکا ہے جبکہ پاکستان کے نیٹ رن ریٹ کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ 61 رنز کی بڑی شکست کے باعث پاکستان کا نیٹ رن ریٹ 0.932 سے گر کر منفی 0.403 ہوگیا ہے جس کے بعد قومی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر امریکا سے نیچے آگئی ہے۔

امریکا نے 4 میچز میں 2 فتوحات کے ساتھ 4 پوائنٹس حاصل کر رکھے ہیں اور اس کا رن ریٹ 0.788 ہے، جس کے باعث گروپ کی صورتحال مزید پیچیدہ ہوگئی ہے۔ اب پاکستان کو نہ صرف اپنا آخری میچ جیتنا ہوگا بلکہ نیٹ رن ریٹ بھی بہتر بنانا ہوگا۔

پاکستان کا آخری گروپ میچ 18 فروری کو نمیبیا کے خلاف کھیلا جائے گا۔ اگر قومی ٹیم یہ میچ جیتنے میں ناکام رہی یا نمیبیا نے اپ سیٹ کردیا تو پاکستان سپر ایٹ کی دوڑ سے باہر ہوجائے گا۔