کولمبو میں کھیلے جانے والے اہم ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میچ میں ٹاس کے موقع پر پاکستان اور بھارت کرکٹ ٹیم کے کپتانوں نے ہاتھ نہیں ملایا جس پر شائقینِ کرکٹ کی جانب سے مختلف ردعمل سامنے آرہا ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان روایتی حریفانہ مقابلے میں اس عمل نے ایک نئی بحث کو جنم دے دیا۔
میچ سے قبل بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی اور موجودہ کمنٹیٹر سنجے منجریکر نے بھی بھارتی ٹیم کی مبینہ ’نو ہینڈ شیک‘ پالیسی پر سخت تنقید کی تھی۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں بھارتی کرکٹ بورڈ کی اس پالیسی کو احمقانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ رویہ ملک کے شایانِ شان نہیں۔
سنجے منجریکر کے بیان کے بعد سوشل میڈیا پر مداحوں اور تجزیہ کاروں کی جانب سے ملا جلا ردعمل دیکھنے میں آیا جبکہ کھیل کے جذبے اور روایتی اسپورٹس مین شپ پر بھی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔





