اپریل 18, 2026

ڈنگہ: تھانہ روڈ کی تعمیر میں سست روی، دکاندار مشکلات کا شکار ہیں: میاں محمد اشرف

ڈنگہ (پ۔ ر) سرپرست پریس کلب ڈنگہ‘ ممتاز کاروباری شخصیت میاں محمد اشرف نے کہا ہے کہ تھانہ روڈ کی تعمیر کا چھ ماہ میں مکمل ہونے کا دعویٰ کیا گیا تھا لیکن صورت حال یہ ہے کہ تھانہ ڈنگہ سے لے کر گلزار شہید چوک تک سڑک کے دائیں طرف والے نالے کھود کر چھوڑ دیئے گئے اور تا حال نالوں کی تعمیر مکمل نہیں ہو سکی۔ سڑک کی تعمیر تو دور کی بات ہے چوڑے اور گہرے نالوں کی کھدائی کے باعث کوئی خریدار دکانوں تک پہنچ نہیں پاتا۔ پہلے دکانوں کو تجاوز کے نام پر گرایا گیا۔ مالکان نے اب گری ہوئی دکانوں کا باقی حصہ بند کر دیا ہے تو اس کے آگے نالوں کی خندق کھود کر خریداروں کا داخلہ بند کر دیا گیا۔ حیرت ہوتی ہے کہ کام اتنا سست رفتاری سے کیوں کیا جا رہا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے صوبہ بھر کے کمشنرز سے ویڈیو لنک پر خطاب میں سختی سے ہدایت کی ہے کہ تعمیر کے لئے کھودے گئے گڑھے جلد از جلد بند کیا کریں تا کہ لوگوں کو مشکلات کم سے کم ہوں مگر بد قسمتی سے ڈنگہ میں تھانہ روڈ‘ کمپلیکس روڈ اور کولیاں روڈ کے سینکڑوں دکاندار ایک سال سے عذاب کا شکار ہیں۔ ہم ڈپٹی کمشنر گجرات‘ اسسٹنٹ کمشنر کھاریاں اور سی او بلدیہ ڈنگہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ نالوں کی تعمیر جلد از جلد کروانے کی ہدایت کریں۔