اکتوبر 29, 2026

پاکستان، سعودی عرب اور ترکیے کا سہ فریقی دفاعی معاہدہ زیر غور، مسودہ تیار: رضا حیات ہراج

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار رضا حیات ہراج نے بتایا ہے کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیے نے تقریباً ایک سال کی بات چیت کے بعد ایک سہ فریقی دفاعی معاہدے کا مسودہ تیار کر لیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ ممکنہ معاہدہ گزشتہ سال اعلان کیے گئے پاکستان اور سعودی عرب کے دو طرفہ دفاعی معاہدے سے مختلف ہے۔ معاہدے کو حتمی شکل دینے کے لیے تینوں ممالک کے درمیان مکمل اتفاق رائے ضروری ہے۔

رضا حیات ہراج کے مطابق، سہ فریقی معاہدے کا مسودہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیے کے پاس موجود ہے اور تینوں ممالک اس پر غور و خوض کر رہے ہیں۔

دوسری جانب استنبول میں ترک وزیر خارجہ حاقان فیدان نے پریس کانفرنس میں تصدیق کی کہ بات چیت ہوئی ہے، تاہم ابھی تک کوئی معاہدہ طے نہیں پایا۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں بداعتمادی ختم کرنے کے لیے وسیع تر علاقائی تعاون اور اعتماد کی ضرورت ہے، اور تمام علاقائی ممالک کو سکیورٹی کے معاملے پر ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر اکٹھا ہونا چاہیے۔

چند روز قبل امریکی جریدے بلوم برگ نے دعویٰ کیا تھا کہ ترکیے نے پاکستان اور سعودی عرب کے دفاعی اتحاد میں شامل ہونے کی خواہش ظاہر کی ہے، اور اس سے مشرق وسطیٰ اور اس سے آگے طاقت کے توازن پر اثر پڑے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس پاکستان اور سعودی عرب نے ایک دو طرفہ دفاعی معاہدے پر دستخط کیے تھے، جس میں لکھا گیا کہ کسی ایک ملک کے خلاف جارحیت دونوں کے خلاف جارحیت تصور کی جائے گی، نیٹو اتحاد کے آرٹیکل پانچ کی طرح۔