ضلع خیبر میں سکیورٹی فورسز نے دو الگ الگ کارروائیوں کے دوران پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر خیبر وقاص احمد کے مطابق پہلی کارروائی شاکس بائی پاس روڈ پر کی گئی، جہاں سی ٹی ڈی کو خفیہ اطلاع موصول ہوئی کہ دہشت گرد علاقے میں موجود ہیں اور کسی بڑی کارروائی کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔
اطلاع ملتے ہی سی ٹی ڈی اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو گھیرے میں لے لیا۔ اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں تین دہشت گرد مارے گئے جبکہ ان کے دو ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے۔ ڈی پی او کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے تین کلاشنکوفیں، کارتوس اور دیگر ایمونیشن برآمد ہوا۔ پولیس حکام نے بتایا کہ اسی علاقے میں دو روز قبل دہشت گردوں نے اسپیشل برانچ کے ایک اہلکار کو فائرنگ کر کے شہید کیا تھا۔
دوسری کارروائی ضلع خیبر کے علاقے ملک دین خیل میں عمل میں لائی گئی، جہاں سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں مزید دو دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ کارروائی کے بعد جائے وقوعہ سے ایک مشین گن اور بھاری مقدار میں کارتوس برآمد کیے گئے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک دہشت گرد مختلف دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث تھے اور علاقے میں امن و امان کی صورتحال کو خراب کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ سکیورٹی فورسز نے عزم ظاہر کیا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔




