اپریل 22, 2026

سری لنکا نے فیصلہ کن ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کو 14 رنز سے شکست دے دی، سیریز برابر

دمبولا میں کھیلے گئے تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے آخری اور فیصلہ کن مقابلے میں سری لنکا نے پاکستان کو 14 رنز سے شکست دے دی۔ بارش کے باعث میچ تاخیر کا شکار ہوا اور اسے 12 اوورز تک محدود کر دیا گیا۔

پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ میزبان سری لنکا نے مقررہ 12 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز اسکور کیے۔ سری لنکن کپتان داسن شناکا نے 34 جبکہ کوشال مینڈس نے 30 رنز بنائے۔ جنتھ لیانگے اور دننجایا ڈی سلوا نے 22، 22 رنز کی اننگز کھیلیں۔

پاکستان کی جانب سے وسیم جونیئر نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد نواز، فہیم اشرف اور نسیم شاہ نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

161 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم مقررہ 12 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز ہی بنا سکی۔ پاکستان کی جانب سے سلمان آغا نے 45، محمد نواز نے 28 اور خواجہ نافع نے 26 رنز اسکور کیے۔

سری لنکا کی طرف سے وینندو ہسارنگا نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں اور میچ کے نمایاں کھلاڑی رہے۔

اس فتح کے بعد تین میچز کی سیریز ایک، ایک سے برابر ہو گئی۔ سیریز کا پہلا میچ پاکستان نے جیتا تھا جبکہ دوسرا میچ بارش کے باعث منسوخ ہو گیا تھا۔