اپریل 22, 2026

وفاقی وزیر بلال اظہر کیانی کا ڈی ایچ کیو ہسپتال جہلم کا دورہ، جدید کیتھ لیب سہولیات کا جائزہ

سرائے عالمگیر (رپورٹ: ڈاکٹر تصور حسین مرزا) وفاقی وزیر برائے ریلوے و خزانہ بلال اظہر کیانی نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل جہلم شگفتہ جبین کے ہمراہ ڈی ایچ کیو ہسپتال جہلم کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ہسپتال میں قائم جدید کیتھ لیب میں فراہم کی جانے والی عالمی معیار کی طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

ہسپتال انتظامیہ نے وفاقی وزیر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کیتھ لیب میں اینجیوگرافی، اینجیوپلاسٹی، پرائمری پی سی آئی (Primary PCI) اور عارضی پیس میکر (Temporary Pacemaker) جیسی جدید اور پیچیدہ سہولیات مستقل بنیادوں پر فراہم کی جا رہی ہیں۔

وفاقی وزیر نے ہسپتال کے مختلف وارڈز کا معائنہ کیا اور کیتھ لیب میں جدید سہولیات کی دستیابی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دل کے امراض کے علاج کے لیے ان سہولیات کی موجودگی سے جہلم اور گردونواح کے مریضوں کو لاہور یا راولپنڈی کے بڑے ہسپتالوں کا رخ کرنے کی ضرورت نہیں رہی اور انہیں مقامی سطح پر مفت اور بروقت علاج میسر آ رہا ہے۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شگفتہ جبین نے وفاقی وزیر کو بتایا کہ ہسپتال میں مانیٹرنگ کا مؤثر نظام قائم ہے اور ادویات کی دستیابی کو روزانہ کی بنیاد پر یقینی بنایا جا رہا ہے۔ وفاقی وزیر بلال اظہر کیانی نے انتظامیہ اور طبی عملے کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ عوامی خدمت کے اس مشن کو مزید جانفشانی سے جاری رکھا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ مریض ان سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔