گلیانہ(انصر فاروق مغل) ڈپٹی کمشنر / ڈی مارکیشن آفیسر ضلع گجرات کی جانب سے پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2025 اور پنجاب لوکل گورنمنٹ (ڈی مارکیشن) رولز 2025 کے تحت ضلع گجرات میں بلدیاتی علاقوں کی حد بندی (ڈی مارکیشن) کے عمل کا باقاعدہ شیڈول جاری کر دیا گیا ہے۔
جاری کردہ عوامی نوٹس کے مطابق حکومتِ پنجاب کی جانب سے 26 دسمبر 2025 کو نافذ کردہ ڈی مارکیشن رولز کی روشنی میں ضلع گجرات کی تحصیلوں گجرات، کھاریاں، سرائے عالمگیر، جلال پور جٹاں اور کنجاہ میں مقامی حکومتوں کے علاقوں کی تشکیل، درجہ بندی اور حد بندی سے متعلق ابتدائی تجاویز تیار کی جائیں گی۔
نوٹس کے مطابق 30 دسمبر 2025 کو عوامی نوٹس شائع کیا گیا، جبکہ 6 جنوری 2026 کو ابتدائی ڈی مارکیشن تجاویز تیار کی جائیں گی اور 7 جنوری 2026 سے یہ تجاویز عوامی مشاہدے کے لیے آویزاں کر دی جائیں گی۔ شہری 14 جنوری 2026 تک اپنی تجاویز اور اعتراضات جمع کرا سکیں گے۔
موصول ہونے والی تجاویز اور اعتراضات 15 جنوری کو آویزاں کی جائیں گی جبکہ 17 جنوری 2026 تک جوابی تجاویز اور جوابی اعتراضات جمع کرانے کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ ڈی مارکیشن اتھارٹی 21 جنوری 2026 کو فیصلے کرے گی، جس کے بعد 23 جنوری کو حتمی ڈی مارکیشن تجاویز تیار اور 24 جنوری 2026 کو حکومتِ پنجاب کو ارسال کی جائیں گی۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق ابتدائی ڈی مارکیشن تجاویز دفتر ڈی مارکیشن آفیسر ضلع گجرات، متعلقہ اسسٹنٹ ڈی مارکیشن آفیسران کے دفاتر اور ضلع کی ختم شدہ مقامی حکومتوں کے دفاتر میں دفتری اوقات کار (صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک) میں دیکھی جا سکتی ہیں۔
اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ مقررہ تاریخ کے بعد موصول ہونے والی یا قواعد کے مطابق مکمل نہ ہونے والی درخواستوں پر غور نہیں کیا جائے گا۔
⸻




