ہرارے: پاکستان انڈر 19 ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سہ ملکی کرکٹ سیریز کے فائنل میں زمبابوے انڈر 19 کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کر لی۔
ہرارے میں کھیلے گئے فائنل میں زمبابوے کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 45 اوورز میں 158 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ پاکستان کی جانب سے عمر زیب نے 4 جبکہ عبدال سبحان نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان انڈر 19 نے اوپنر سمیر منہاس کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت صرف 17 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 159 رنز حاصل کر لیے۔ سمیر منہاس نے صرف 42 گیندوں پر سنچری مکمل کی جو یوتھ ون ڈے کرکٹ کی تاریخ کی تیز ترین سنچری ہے۔
اس سے قبل یہ ریکارڈ بھارت کے ویبھو سوریاونشی کے پاس تھا جنہوں نے جولائی 2024 میں انگلینڈ کے خلاف 52 گیندوں پر سنچری اسکور کی تھی۔
سمیر منہاس نے فائنل میں 51 گیندوں پر 114 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں 17 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے، جبکہ محمد شایان 38 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
یوں پاکستان انڈر 19 نے فائنل میں واضح برتری کے ساتھ زمبابوے انڈر 19 کو شکست دے کر سہ ملکی سیریز کا ٹائٹل جیت لیا۔
اس موقع پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے پاکستان انڈر 19 ٹیم کو سیریز جیتنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں کی کارکردگی قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔




