اکتوبر 30, 2026

بنگلادیش کا ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے ٹیم بھارت نہ بھیجنے کا اعلان

بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے قومی ٹیم بھارت نہ بھیجنے کا اعلان کر دیا ہے۔ بنگلادیش کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق بی سی بی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی ہنگامی میٹنگ آج دوپہر منعقد ہوئی جس میں بھارت اور سری لنکا میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے متعلق پیدا ہونے والی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سامنے آنے والی صورتحال پر غور کے بعد بورڈ آف گورنرز نے متفقہ فیصلہ کیا کہ بنگلادیش کی قومی ٹیم بھارت کا دورہ نہیں کرے گی۔ بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے اس فیصلے سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا ہے اور اب آئی سی سی کے ردعمل کا انتظار کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب بنگلادیش کے مشیر برائے کھیل نے بھی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ بنگلادیش ورلڈ کپ کھیلنے کے لیے بھارت نہیں جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ بھارتی کرکٹ بورڈ کی جارحانہ اور فرقہ وارانہ پالیسیوں کے تناظر میں کیا گیا ہے جس کا خیرمقدم کیا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ بھارتی انتہا پسندوں کے دباؤ کے باعث آئی پی ایل سے بنگلادیشی فاسٹ بولر مستفیض الرحمان کو ریلیز کیے جانے کے بعد بھارت اور بنگلادیش کرکٹ بورڈز کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا تھا۔