وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے منی لانڈرنگ، جعلی ادویات اور انسانی اسمگلنگ میں ملوث مافیا کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا ہے۔ محسن نقوی نے ایف آئی اے کراچی زون کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ایف آئی اے کراچی زون اور ساؤتھ زون کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اجلاس میں وزیر داخلہ نے منی لانڈرنگ میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ بڑے منی لانڈرز پر مضبوط ہاتھ ڈالا جائے اور منی لانڈرنگ میں ملوث افراد کی مکمل منی ٹریل بے نقاب کی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ حوالہ ہنڈی کا کاروبار کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور بلا امتیاز کارروائی نظر آنی چاہیے۔
محسن نقوی نے انسانی اسمگلنگ میں ملوث ایجنٹس مافیا کے خلاف مؤثر اور بلا دباؤ کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ معصوم لوگوں کو بیرون ملک بھیجنے کے جھانسے دینے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ انہوں نے جعلی ادویات کے کاروبار کو انسانی جانوں سے کھیلنے کے مترادف قرار دیتے ہوئے اس مکروہ دھندے میں ملوث افراد کو قانون کے کٹہرے میں لانے کی ہدایت کی۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ ایف آئی اے کراچی زون میں انسانی وسائل کی کمی کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کیا جائے گا اور ادارے کو تمام ضروری وسائل فراہم کیے جائیں گے تاکہ کارکردگی بہتر بنائی جا سکے۔ اجلاس میں ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی زون نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ چار ماہ میں انسانی اسمگلنگ میں ملوث 20 ایجنٹس گرفتار کیے گئے، 140 ملین روپے مالیت کی نان کسٹم مصنوعات اور منشیات ضبط کی گئیں جبکہ مسافروں کی سہولت کے لیے کراچی ایئرپورٹ پر سہولت سینٹر بھی قائم کر دیا گیا ہے۔





