اکتوبر 30, 2026

وینزویلا اقتدار کی منتقلی تک امریکا چلائے گا، مادورو کے خلاف کرمنل چارجز: ڈونلڈ ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ وینزویلا میں اقتدار کی منتقلی تک امریکا انتظامی معاملات سنبھالے گا اور امریکی تیل کمپنیاں وینزویلا میں کام کریں گی۔ فلوریڈا میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کے خلاف کرمنل چارجز عائد کرنے کا اعلان بھی کیا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ مادورو اور ان کی اہلیہ کو نیویارک منتقل کیا جا رہا ہے جہاں انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ ان کے مطابق ان کی ہدایت پر امریکی فوج نے وینزویلا کے دارالحکومت میں ایک غیر معمولی آپریشن کیا، جس میں امریکی فضائی، زمینی اور سمندری طاقت کا مظاہرہ کیا گیا۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ مادورو اور ان کی اہلیہ کو امریکی فورسز نے ان کے بیڈروم سے گرفتار کیا، اس وقت علاقے میں مکمل اندھیرا تھا اور بجلی بند تھی۔ انہوں نے اس کارروائی کو امریکی فوجی صلاحیت کا ایک غیر معمولی مظاہرہ قرار دیا۔

ٹرمپ نے مزید کہا کہ اس سے قبل قاسم سلیمانی اور ابو بکر البغدادی کو بھی اسی طرز کی کارروائیوں میں نشانہ بنایا گیا تھا اور ایران کی جوہری تنصیبات کو بھی اسی نوعیت کے حملوں میں تباہ کیا گیا۔ ان کا دعویٰ تھا کہ امریکا نے تمام اہداف کو درست طور پر نشانہ بنایا اور دنیا میں کوئی اور ملک ایسی صلاحیت نہیں رکھتا۔