اپریل 19, 2026

منگووال پریس کلب کے انتخابات 2026 مکمل، فیصل مسعود وڑائچ صدر اور حکیم محمد ارشد جنرل سیکرٹری منتخب

منگووال پریس کلب کے سال 2026 کے انتخابات کامیابی کے ساتھ مکمل ہو گئے، جن میں سینئر صحافی فیصل مسعود وڑائچ کو صدر جبکہ حکیم محمد ارشد کو بلامقابلہ جنرل سیکرٹری منتخب کر لیا گیا۔
انتخابات کے سلسلے میں سابق صدر شہزاد افضل چغتائی کی زیر صدارت منگووال پریس کلب کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جو فل ہاؤس ثابت ہوا۔ اجلاس میں بانی حاجی شبیر احمد باجوہ، سینئر صحافی قمر شہزاد، حکیم محمد ارشد، فیصل وڑائچ سمیت کلب کے تمام ممبران نے بھرپور شرکت کی۔ باہمی مشاورت کے بعد متفقہ طور پر صدر اور جنرل سیکرٹری کے عہدوں پر ناموں کی منظوری دی گئی۔
نومنتخب کابینہ میں حاجی شبیر احمد باجوہ کو بانی، قمر شہزاد کو گروپ لیڈر، مرزا عادل رحمن کو سینئر نائب صدر، امجد اقبال بھٹی کو نائب صدر، قمر عباس کو فنانس سیکرٹری، رانا عبدالغفور کو ایڈیشنل سیکرٹری، اعجاز احمد کنگ کو جوائنٹ سیکرٹری اور شہزاد یوسف ایڈووکیٹ کو لیگل ایڈوائزر منتخب کیا گیا۔
صدر منتخب ہونے کے بعد فیصل مسعود وڑائچ نے سینئر قیادت سے مشاورت کے بعد اپنی کابینہ کا باضابطہ اعلان کیا۔ اس موقع پر نومنتخب عہدیداران کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے اور انہیں مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ منگووال پریس کلب صحافیوں کے حقوق اور پیشہ ورانہ اقدار کے تحفظ کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا۔