سابق سربراہ پاک فضائیہ ائیر مارشل نور خان کی بیٹی اور معروف ماہرِ اطفال ڈاکٹر فائقہ نور خان امریکا میں ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہو گئیں۔ امریکی میڈیا کے مطابق ریاست ورجینیا کی کاؤنٹی ڈینوڈی میں ویک اینڈ پر پیش آنے والے ایک افسوسناک حادثے میں ایک مقامی پیڈیاٹریشن زندگی کی بازی ہار گئیں، جن کی شناخت 75 سالہ فائقہ آفتاب قریشی کے نام سے ہوئی۔
ورجینیا پولیس کے مطابق ڈاکٹر فائقہ قریشی کی گاڑی سڑک سے ٹکرا گئی، جس کے بعد اس میں آگ بھڑک اٹھی۔ حادثے کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئیں۔ پولیس حکام واقعے کی مزید تحقیقات کر رہے ہیں۔
ڈاکٹر فائقہ قریشی نے 1993 میں بچوں کے دی کنگز ڈاٹر اسپتال میں بطور فزیشن اپنی خدمات کا آغاز کیا اور بعد ازاں طویل عرصے تک ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ کی میڈیکل ڈائریکٹر کے طور پر فرائض انجام دیتی رہیں۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق بچوں اور ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ ان کی وابستگی اور مستقبل کے ڈاکٹروں کی تربیت میں ان کے کردار نے گہرے اور دیرپا اثرات مرتب کیے۔
ادھر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی لاہور نے بھی سوشل میڈیا پر جاری بیان میں ڈاکٹر فائقہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ بیان میں کہا گیا کہ ڈاکٹر فائقہ سابق ائیر مارشل نور خان کی صاحبزادی اور کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کی ہونہار طالبہ تھیں، جنہوں نے 1973 میں گریجویشن مکمل کی۔ وہ بعد ازاں اسی ادارے میں بطور استاد بھی خدمات انجام دیتی رہیں۔





