پاکستان نے بنگلادیش کی قومی ائیرلائن کو براہ راست پروازوں کی اجازت دے دی ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ڈھاکا سے کراچی کے لیے براہ راست پروازیں چلانے کی منظوری جاری کر دی ہے، جس کا باقاعدہ فیصلہ وفاقی حکومت کی اجازت کے بعد کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بنگلادیشی قومی ائیرلائن کو ابتدائی طور پر 30 مارچ 2026 تک پروازوں کی اجازت دی ہے، جبکہ منظور شدہ روٹ پر پاکستان کی فضائی حدود استعمال کرنے کی بھی اجازت دی گئی ہے۔ سول ایوی ایشن حکام کے مطابق ائیرلائن کو پاکستان ائیر اسپیس میں طے شدہ روٹس پر ہی پرواز کرنا ہوگی۔
سی اے اے ذرائع نے بتایا کہ ڈھاکا سے کراچی روانگی سے قبل بنگلادیشی ائیرلائن کو فلائٹ سے متعلق مکمل تفصیلات کراچی ائیرپورٹ انتظامیہ کو فراہم کرنا ہوں گی۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان براہ راست پروازوں کا آغاز رواں ماہ متوقع ہے، جس سے دونوں ممالک کے درمیان فضائی روابط کو فروغ ملے گا





