اکتوبر 29, 2026

پی ایس ایل کی 2 نئی ٹیموں کی فروخت کا عمل تیز، پی سی بی نے ٹیکنیکل ایویلیوایشن مکمل کرلی

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کی دو نئی ٹیموں کی فروخت کے لیے ٹیکنیکل ایویلیوایشن کا مرحلہ مکمل کر لیا ہے۔ پی سی بی کے مطابق نئی فرنچائزز کے لیے موصول ہونے والی بولیوں کا تفصیلی تکنیکی جائزہ لیا گیا، جس کے بعد نیلامی کے اگلے مرحلے کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔

پی سی بی کو دنیا بھر سے دو نئی ٹیموں کے لیے مجموعی طور پر 12 بولیاں موصول ہوئیں، تاہم بولی کمیٹی نے جانچ پڑتال کے بعد 10 پارٹیوں کو تکنیکی معیار پر پورا اترنے والا قرار دیا ہے۔ پی سی بی کے مطابق یہ 10 اہل پارٹیاں اب نیلامی کے مرحلے میں حصہ لینے کی مجاز ہوں گی۔

واضح رہے کہ پی ایس ایل کی دو نئی ٹیموں کی نیلامی 8 جنوری 2026 کو اسلام آباد میں منعقد کی جائے گی، جبکہ نیلامی کا عمل جناح کنونشن سینٹر میں ہوگا۔ کامیاب بولی دہندگان کو راولپنڈی، حیدرآباد، فیصل آباد، گلگت، مظفرآباد اور سیالکوٹ میں سے اپنی ٹیم کا نام منتخب کرنے کا اختیار حاصل ہوگا۔