امریکا کی شمال مشرقی ریاستیں شدید برفانی طوفان کی زد میں آگئی ہیں، جہاں سڑکوں پر کئی انچ برف کی موٹی تہہ جم گئی ہے اور معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔ نیویارک سٹی کے سینٹرل پارک میں 4.3 انچ برف ریکارڈ کی گئی، جو جنوری 2022 کے بعد سب سے زیادہ برفباری قرار دی جا رہی ہے۔
برفانی طوفان کے باعث حدِ نگاہ نمایاں طور پر کم ہو گئی، جس کے نتیجے میں 2100 سے زائد پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔ شدید موسمی صورتحال کے پیش نظر نیوجرسی میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے جبکہ نیشنل ویدر سروس نے نیویارک اسٹیٹ اور کنیکٹی کٹ میں برفانی طوفان اور موسمِ سرما کے طوفان کی وارننگ جاری کی ہے۔
حکام کے مطابق برفباری اور خراب موسم کے باعث حادثات کا خدشہ ہے، اسی لیے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ نیویارک کے گورنر نے بھی ہنگامی حالت نافذ کرتے ہوئے نیویارک، نیوجرسی اور کنیکٹی کٹ کے شہریوں کو بلا ضرورت گھروں سے نہ نکلنے کی اپیل کی ہے۔





