پاکستان کبڈی فیڈریشن نے بھارت کی جانب سے کھیلنے اور بھارتی جھنڈا لہرانے پر پاکستانی کبڈی کھلاڑی عبیداللہ راجپوت پر پابندی عائد کر دی ہے۔ اس فیصلے کی منظوری لاہور میں ہونے والے پاکستان کبڈی فیڈریشن کی جنرل کونسل کے اجلاس میں دی گئی، جس کی صدارت چیئرمین پاکستان کبڈی فیڈریشن چوہدری شافع حسین نے کی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عبیداللہ راجپوت کو بغیر این او سی بیرونِ ملک کھیلنے، بھارتی ٹیم کی جرسی پہننے اور بھارتی جھنڈا لہرانے پر پابندی کا سامنا کرنا ہوگا۔ چیئرمین چوہدری شافع حسین کا کہنا تھا کہ عبیداللہ راجپوت کو پابندی کے خلاف اپیل کا حق حاصل ہوگا اور ان کا کیس ڈسپلنری کمیٹی کے سپرد کیا گیا تھا۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی کھلاڑی کو فیڈریشن کی اجازت کے بغیر بیرون ملک کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
پاکستان کبڈی فیڈریشن کے سیکرٹری رانا سرور نے بتایا کہ بحرین میں ہونے والے ٹورنامنٹ میں پاکستان کے 16 کھلاڑیوں نے شرکت کی، تاہم یہ کوئی قومی ٹیم نہیں تھی اور نہ ہی فیڈریشن یا حکومت سے اجازت لی گئی۔ ان کے مطابق یہ ایک خود ساختہ ٹیم تھی جس میں پاکستان کا نام استعمال کیا گیا، جبکہ قومی کھلاڑی کا بھارتی ٹیم کی جانب سے کھیلنا اور جھنڈا لہرانا ناقابلِ برداشت ہے۔
دوسری جانب عبیداللہ راجپوت نے اپنے بیان میں مؤقف اختیار کیا کہ وہ ہر سال بحرین میں ہونے والے اس ٹورنامنٹ میں شرکت کرتے رہے ہیں اور انہیں علم نہیں تھا کہ ٹیموں کے نام انڈیا اور پاکستان رکھے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ پاکستانی ہیں اور پاکستان سے محبت کرتے ہیں، اگر ان کے عمل سے کسی کی دل آزاری ہوئی ہے تو وہ معذرت خواہ ہیں۔





