اکتوبر 29, 2026

انڈر 19 سہ ملکی سیریز: پاکستان نے افغانستان کو سنسنی خیز مقابلے میں ایک وکٹ سے شکست دے دی

زمبابوے کے دارالحکومت ہرارے میں کھیلے گئے انڈر 19 سہہ ملکی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے افغانستان کو انتہائی سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے ہرا دیا۔ افغانستان کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 50 اوورز میں 226 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ افغان بیٹر عثمان نے شاندار 75 رنز اسکور کیے جبکہ کپتان محبوب خان 49 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

پاکستان کی جانب سے عثمان خان نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد صیام اور دانیال علی نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی اننگز ابتدا ہی سے دباؤ کا شکار رہی، کپتان فرحان یوسف نے 65 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی تاہم دیگر بیٹرز زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے۔

مشکل وقت میں وکٹ کیپر بیٹر حمزہ ظہور نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میچ کا رخ بدل دیا۔ انہوں نے پہلے دانیال خان کے ساتھ 36 رنز کی اہم شراکت قائم کی۔ جب پاکستان کے 9 کھلاڑی 201 رنز پر آؤٹ ہوچکے تھے تب بھی حمزہ ظہور ثابت قدم رہے اور تین گیندیں قبل پاکستان کو فتح دلادی۔ حمزہ ظہور نے 51 گیندوں پر 8 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 68 رنز کی میچ وننگ اننگز کھیلی۔