اکتوبر 29, 2026

وزیراعلیٰ پنجاب کے فلیگ شپ پروگرام کے تحت اوکاڑہ میں خصوصی افراد مستفید، معاون آلات کی تقسیم فلاحی ریاست کی عملی جھلک

تحریر : محمد مظہر رشید چودھری (03336963372)

گورنمنٹ گنج شکر ماڈل ہائی سکول اوکاڑہ میں محکمہ سوشل ویلفیئر کے زیر اہتمام وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے فلیگ شپ پروگرام کے تحت خصوصی افراد میں معاون آلات کی تقسیم کی پانچویں بڑی تقریب منعقد ہوئی۔ اس پروگرام کا بنیادی مقصد ایسے مستحق اور خصوصی افراد کو سہولت فراہم کرنا ہے جو جسمانی معذوری کے باعث روزمرہ زندگی میں مشکلات کا شکار ہیں اور مالی مجبوریوں کی وجہ سے مہنگے معاون آلات خریدنے کی استطاعت نہیں رکھتے۔یہ تقریب نہ صرف ایک فلاحی سرگرمی تھی بلکہ عملی طور پر فلاحی ریاست کے تصور کی عکاس بھی نظر آئی، جہاں ریاست اپنے کمزور اور نظرانداز طبقات کا سہارا بنتی دکھائی دی۔ تقریب میں خصوصی افراد، ان کے اہلِ خانہ، سماجی کارکنوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد شریک تھی۔تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ احمد عثمان جاوید تھے۔ ان کے ہمراہ رکن صوبائی اسمبلی میاں محمد منیر، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر اوکاڑہ اشتیاق احمد خان، اسسٹنٹ ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر چودھری ابرار علی، ضلعی صدر مسلم لیگ (ن) شعبہ خواتین مس صائمہ رشید ایڈووکیٹ، صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر سہیل شوکت بٹ کے کوآرڈینیٹر ملک سخی جاوید، میڈیکل سوشل ویلفیئر آفیسر ذوالفقار علی ناز اور محکمہ سوشل ویلفیئر کے دیگر افسران و اہلکار بھی موجود تھے۔ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر اشتیاق احمد خان نے اس موقع پرجرنلسٹ محمد مظہررشید چودھری سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یہ پروگرام وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے خصوصی ویژن کا حصہ ہے، جس کا مقصد خصوصی افراد کو خودمختار بنانا اور انہیں معاشرے کا فعال رکن بننے کے قابل بنانا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس پروگرام کے تحت وہیل چیئرز، الیکٹرک وہیل چیئرز، ہیئرنگ ایڈ، بیساکھیاں اور دیگر ضروری معاون آلات فراہم کیے جا رہے ہیں تاکہ چلنے پھرنے یا سننے میں مشکلات کا شکار افراد کی زندگی آسان بنائی جا سکے۔انہوں نے مزید بتایا کہ ضلع اوکاڑہ میں اس پروگرام کے تحت اس سے قبل 277 مختلف معاون آلات مستحق خصوصی افراد میں تقسیم کیے جا چکے ہیں، جبکہ پانچویں بڑی تقریب کے موقع پر 80 سے زائد افراد کو سہولیات فراہم کی گئیں، جن میں دو جدید الیکٹرک وہیل چیئرز بھی شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ عمل مکمل شفافیت اور میرٹ کی بنیاد پر کیا جا رہا ہے۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر چودھری ابرار علی نے بتایا کہ خصوصی افراد کی رجسٹریشن اور ویریفکیشن کا عمل آن لائن پورٹل کے ذریعے مکمل کیا جاتا ہے تاکہ کسی قسم کی سفارش یا بے ضابطگی کا امکان نہ رہے۔ انہوں نے کہا کہ ان لیڈ اسیسمنٹ کمیٹی، جو ہسپتال کی سطح پر قائم ہے، ہر درخواست گزار کا تفصیلی طبی اور سماجی جائزہ لے کر اس کی اصل ضرورت کے مطابق معاون آلات کی سفارش کرتی ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ ضلع اوکاڑہ میں اس وقت تقریباً 25 ہزار خصوصی افراد باقاعدہ طور پر رجسٹرڈ ہو چکے ہیں، جن میں سے کئی افراد کو حکومت پنجاب کی جانب سے ہمت کارڈ بھی جاری کیے گئے ہیں، جس کے ذریعے انہیں ہر تین ماہ بعد مالی معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ محکمہ سوشل ویلفیئر کی کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ مستحق افراد کو اس نظام میں شامل کیا جائے۔

ضلعی صدر مسلم لیگ (ن) شعبہ خواتین مس صائمہ رشید ایڈووکیٹ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں خصوصی افراد کے لیے جو اقدامات کیے جا رہے ہیں، وہ محض اعلانات تک محدود نہیں بلکہ عملی صورت اختیار کر چکے ہیں۔ ان اقدامات سے نہ صرف خصوصی افراد کا معاشی دباؤ کم ہو رہا ہے بلکہ انہیں تعلیمی اداروں، روزگار اور سماجی سرگرمیوں میں بھرپور شرکت کے مواقع بھی میسر آ رہے ہیں۔ انہوں نے محکمہ سوشل ویلفیئر کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ واقعی قابلِ تحسین خدمات سرانجام دے رہا ہے۔ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ احمد عثمان جاوید نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اس بات کو یقینی بنا رہی ہے کہ اس پروگرام میں کسی قسم کی تاخیر یا رکاوٹ پیدا نہ ہو اور کوئی درخواست زیر التوا نہ رہے۔ انہوں نے کہا کہ معاون آلات کی فراہمی کے عمل کو مزید تیز کیا جائے گا تاکہ مستحق افراد کو بروقت سہولت فراہم کی جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ خصوصی افراد ہماری اجتماعی ذمہ داری ہیں اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر سہیل شوکت بٹ کے کوآرڈینیٹر ملک سخی جاوید نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے خصوصی افراد کے لیے علیحدہ وزارت قائم کر کے اس طبقے کو وہ اہمیت دی ہے جس کے وہ حق دار ہیں۔ انہوں نے آن لائن درخواستوں، شفاف طریقہ کار اور میرٹ پر مبنی فیصلوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اب خصوصی افراد کو دفاتر کے چکر نہیں لگانا پڑتے، بلکہ تمام عمل جدید نظام کے تحت مکمل کیا جا رہا ہے۔تقریب کے اختتام پر مستحق خصوصی افراد اور ان کے اہلِ خانہ نے حکومت پنجاب اور محکمہ سوشل ویلفیئر کا شکریہ ادا کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی ایسے فلاحی پروگرام تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گے تاکہ خصوصی افراد باوقار اور خودمختار زندگی گزار سکیں