کھاریاں (قاری نصیر احمد کلیار) کھاریاں بار کا الیکشن ہر سال کی طرح اس سال بھی قانونی حلقوں میں پنجاب کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔ کھاریاں بار کی خاص بات یہ ہے کہ ایک الیکشن کے چند روز بعد ہی اگلے الیکشن کی تیاریاں شروع ہو جاتی ہیں اور وکلا برداری اپنے گروپوں کے ساتھ انتخابی مہم میں مصروف ہو جاتی ہے۔
اس بار کھاریاں بار کی صدارت کی سیٹ پر دو سینئر قانون دان، چوھدری خالد حسین ایڈووکیٹ آف شیخوچک اور چوھدری جعفر حسین ایڈووکیٹ آف رنیاں کے درمیان کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے۔ دونوں امیدوار اپنی کامیابی کے دعوے کر رہے ہیں، تاہم بار کے سینئر وکلاء کے مطابق مقابلہ سخت اور دلچسپ ہوگا۔
بار روم میں دونوں امیدواروں کی جانب سے کھانوں اور دعوتوں کا سلسلہ جاری ہے اور ہر وقت بار روم میں ایک میلے کا سماں نظر آتا ہے۔ تحصیل کھاریاں کے اوورسیز پاکستانی بھی اس الیکشن میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں اور اپنی حمایت کے لیے وطن پہنچ رہے ہیں۔ دونوں گروپوں کے اوورسیز وکلاء امیدواروں کی سپورٹ میں فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔
دیکھنا یہ ہوگا کہ 11 جنوری کو صدارت کی کرسی کس کے قدم چومتی ہے اور کس گروپ کو کھاریاں بار کے ممبران کی حمایت حاصل ہوتی ہے۔





