لاہور ہائی کورٹ نے خوشاب روڈ ڈنگہ (کولیاں روڈ، تھانہ روڈ اور کمپلیکس روڈ) پر جاری تجاوزات کے خلاف تاریخی فیصلہ جاری کر دیا ہے ۔ معزز جج جسٹس مذمل اختر شبیر کی عدالت نے چوہدری لہراسب گوندل ایڈووکیٹ سپریم کورٹ اور محمد آصف نسوانہ ایڈووکیٹ سپریم کورٹ و صدر ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے مدلل دلائل کی روشنی میں انتظامیہ کو دوکانیں اور مکانات گرانے، مالکان کو ہراساں کرنے اور کسی بھی قسم کا انتظامی اختیار استعمال کرنے سے روک دیا ہے۔ عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے سڑک کی ملکیت سے زائد لین پر پابندی عائد کر دی،

تجاوزات سے متعلق تیار کی گئی تمام رپورٹس اور آپریشن فوری طور پر معطل کر دیے اور سڑک کی چوڑائی 88 فٹ کرنے کے اقدامات کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے ماسٹر پلان کے مطابق اسے 40 سے 70 فٹ تک محدود رکھنے کا حکم دیا۔ مالکان کے مؤقف کو درست قرار دیتے ہوئے سٹے آرڈر بھی جاری کیا گیا ہے اور اہلِ ڈنگہ کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ نہ صرف قانونی طور پر اہم ہے بلکہ شہریوں کے حقوق کے تحفظ اور غیر قانونی اقدامات کے خلاف ایک مضبوط پیغام بھی ہے۔





