اکتوبر 29, 2026

شمالی کوریا کے سپریم لیڈر کم جونگ اُن کا آئندہ 5 سال تک میزائل پروگرام جاری رکھنے کا اعلان

شمالی کوریا کے سپریم لیڈر کم جونگ اُن نے آئندہ پانچ سالوں میں میزائلوں کی تیاری اور ترقی کا عمل جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ سرکاری میڈیا کے مطابق کم جونگ اُن نے گزشتہ روز اپنی بیٹی کے ہمراہ 8 ہزار 700 ٹن وزنی جوہری توانائی سے چلنے والی آبدوز اور طویل فاصلے تک مار کرنے والے زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائلوں کی تیاریوں کا معائنہ کیا۔

معائنے کے دوران متعلقہ حکام نے سپریم لیڈر کو جاری منصوبوں اور تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق کم جونگ اُن نے میزائلوں کی پیداوار میں اضافہ کرنے اور اس مقصد کے لیے مزید فیکٹریاں تعمیر کرنے کی ہدایت کی ہے۔

کم جونگ اُن کا کہنا تھا کہ میزائل اور گولہ بارود کی پیداوار کا شعبہ ملک کی جنگی اور دفاعی صلاحیت کو مضبوط بنانے میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔ رپورٹس کے مطابق انہوں نے اسلحہ سازی کے بڑے اداروں کی جدید کاری سے متعلق مسودوں کی بھی منظوری دے دی ہے، جو ایک اہم پارٹی کانگریس میں پیش کیے جائیں گے۔

یہ پارٹی کانگریس 2026 کے اوائل میں متوقع ہے، جس میں آئندہ پانچ سالہ قومی ترقیاتی منصوبے کو حتمی شکل دی جائے گی۔