اکتوبر 29, 2026

اریسا میں مبینہ ہجوم حملے میں مغربی بنگال کے مسلمان مزدور کا قتل

بھارت کی ریاست اڑیسا کے ضلع سمبلپور میں مبینہ طور پر ہجوم نے 30 سالہ مسلمان نوجوان جیول شیخ کو تشدد کا نشانہ بنا کر قتل کر دیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ بدھ کی شب شانت نگر علاقے میں پیش آیا، جب جیول شیخ کام سے واپس آ رہا تھا۔ مقتول مغربی بنگال کے ضلع مرشد آباد کے گاؤں چک بہادرپور کا رہائشی تھا اور اڑیسا میں بطور مزدور کام کر رہا تھا۔

رپورٹس میں بتایا گیا کہ حملہ آوروں نے نوجوان کو بنگلادیشی ہونے کے شبہے میں مارا پیٹا۔ مقتول کے ساتھی مزدور پلتو شیخ کے مطابق وہ چائے کے ایک کھوکھے پر موجود تھے کہ ایک گروہ نے جیول شیخ سے بیڑی مانگی اور بعد میں شناختی کارڈ اور آبائی علاقے کے بارے میں سوالات کیے۔ آدھار کارڈ دکھانے کے باوجود ڈنڈوں سے مسلح افراد نے حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں جیول شیخ شدید زخمی ہوا اور بعد میں جانبر نہ ہو سکا، جبکہ دیگر افراد بھی زخمی ہوئے۔

پولیس نے واقعے میں ملوث ہونے کے الزام میں چھ افراد کو گرفتار کر لیا ہے اور تفتیش جاری ہے تاکہ حملے کی مکمل وجوہات اور ممکنہ دیگر ملوث افراد کا پتہ لگایا جا سکے۔