اکتوبر 29, 2026

کوہلو میں سکیورٹی فورسز کا بڑا آپریشن، فتنہ الہندوستان کے 5 دہشت گرد ہلاک

بلوچستان کے ضلع کوہلو میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران بھارتی پراکسی تنظیم فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ آپریشن 25 دسمبر کو دہشت گردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع پر کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے مؤثر حکمتِ عملی کے تحت دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں فائرنگ کے تبادلے میں پانچ بھارتی سرپرستی یافتہ دہشت گرد مارے گئے۔ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا، جو علاقے میں متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ علاقے میں کسی بھی ممکنہ بھارتی سرپرستی یافتہ دہشت گرد کی موجودگی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے قومی وژن عزمِ استحکام کے تحت انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیاں پوری قوت سے جاری رکھیں گے تاکہ ملک سے غیر ملکی سرپرستی یافتہ دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔