اکتوبر 29, 2026

حکومت چاہتی ہے کہ پوری اپوزیشن مذاکرات کی میز پر بیٹھے: رانا ثنا اللہ

وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ حکومت چاہتی ہے کہ پوری اپوزیشن مذاکرات کی میز پر بیٹھے، تاہم پاکستان تحریک انصاف نے خود کو اس عمل سے الگ کر لیا ہے۔ ایک نیوز پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے اپوزیشن کو ڈائیلاگ کی باضابطہ دعوت دی ہے اور امید ہے کہ تحریک تحفظ آئین پاکستان اپنی رضامندی سے وزیراعظم کو آگاہ کرے گی۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ تحریک انصاف نے واضح طور پر مذاکرات میں شامل نہ ہونے کا اعلان کیا ہے اور یہ کہا ہے کہ ان کا مذاکراتی عمل سے کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ مولانا فضل الرحمان نے بھی تحریک تحفظ آئین پاکستان کے ساتھ بیٹھنے کا عندیہ نہیں دیا، جو ایک حوصلہ افزا صورتحال نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس معاملے پر وزیراعظم خود اپنا مؤقف دیں گے۔

مشیر سیاسی امور نے کہا کہ حکومت کی خواہش ہے کہ تمام اپوزیشن جماعتیں مذاکرات میں شریک ہوں اور حکومتی مذاکراتی کمیٹی میں پیپلز پارٹی سمیت تمام اتحادی جماعتیں شامل ہوں گی۔