اکتوبر 29, 2026

غیرمشروط مذاکرات نہیں ہوں گے، شرائط پر بات کریں گے: شفیع جان

خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اطلاعات شفیع جان نے واضح کیا ہے کہ تحریک انصاف غیرمشروط مذاکرات کے حق میں نہیں اور بات چیت صرف طے شدہ شرائط کی بنیاد پر ہی ممکن ہوگی۔ ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مذاکرات سے متعلق تمام ذمہ داری محمود اچکزئی اور علامہ ناصر عباس کو سونپی گئی ہے اور محمود اچکزئی جو بھی فیصلہ کریں گے، تحریک انصاف اسے قبول کرے گی۔

شفیع جان کا کہنا تھا کہ مذاکرات کے لیے تحریک انصاف کی بنیادی شرائط میں نئے انتخابات کا انعقاد شامل ہے، جو نئے الیکشن کمشنر کے تحت کرائے جائیں۔ اس کے علاوہ پارٹی رہنماؤں اور بانی پی ٹی آئی کے اہل خانہ کو ان تک رسائی دینا بھی شرائط میں شامل ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر حکومت ان شرائط پر عمل درآمد کے لیے تیار ہوتی ہے تو تحریک انصاف مذاکرات کے لیے آمادہ ہے، تاہم حکومت سے کسی بھی قسم کی بات چیت انہی نکات کے گرد گھومے گی۔ شفیع جان نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ بغیر شرائط کے مذاکرات کا کوئی امکان نہیں۔