اکتوبر 29, 2026

یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زاید کا پاکستان کا پہلا سرکاری دورہ، فیلڈ مارشل کے سیلوٹ پر اماراتی صدر کا بھی گرمجوشی سے جوابی سیلوٹ

متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان اپنے پہلے سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے، جہاں نور خان ایئر بیس پر ان کا پرتپاک اور شاندار استقبال کیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل عاصم منیر، وفاقی وزرا اور اعلیٰ سول و عسکری حکام نے اماراتی صدر کا استقبال کیا۔

ایئر بیس پر شیخ محمد بن زاید کو توپوں کی سلامی دی گئی اور گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اماراتی صدر کو گلے لگا کر خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر فیلڈ مارشل عاصم منیر کے سیلوٹ پر متحدہ عرب امارات کے صدر نے بھی گرمجوشی سے جوابی سیلوٹ کیا، جسے دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعلقات کی علامت قرار دیا جا رہا ہے۔

اس سے قبل پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہوتے ہی یو اے ای کے صدر کے طیارے کو پاک فضائیہ کے جنگی طیاروں نے حفاظتی حصار میں لے لیا اور سلامی دی۔ دورے کے دوران دوطرفہ تعلقات، معاشی تعاون اور خطے کی صورتحال پر اہم ملاقاتوں کی توقع کی جا رہی ہے۔