بریڈفورڈ میں منشیات اسمگلنگ کے ایک مقدمے میں پاکستانی نژاد خاتون کو 21 سال اور 6 ماہ قید کی سزا سنائی گئی ہے۔
ریسکیو اور تحقیقاتی ذرائع کے مطابق 34 سالہ خاتون ایک منظم گروہ کی رکن تھی جو پاکستان سے برطانیہ ہیروئن اسمگل کرتا تھا۔ ہیروئن کو چمڑے کی جیکٹس اور دیگر کپڑوں میں چھپا کر برطانیہ بھیجا جاتا، اور بریڈفورڈ کے علاقے میں ان کے گھر پہنچایا جاتا تھا۔
تحقیقات کے دوران پتہ چلا کہ وہ ہیروئن کو کپڑوں سے نکال کر ایک کلو کے پیکٹس میں تقسیم کرتی تھیں۔ جون 2024 میں گرفتاری کے وقت ان کے گھر کا پچھلا کمرہ ہیروئن پروسیسنگ یونٹ میں تبدیل پایا گیا۔ چھاپے کے دوران تقریباً 85 کلوگرام ہیروئن برآمد ہوئی، جس کی مالیت تقریباً 85 لاکھ پاؤنڈ تھی۔
موبائل فون کے شواہد سے معلوم ہوا کہ خاتون کے پاکستان میں موجود ساتھیوں کے ساتھ مسلسل رابطے تھے اور وہ برطانیہ بھر میں ہیروئن کی ترسیل میں حصہ لیتی تھیں۔ ملزمہ نے عدالت میں ہیروئن درآمد اور سپلائی کی سازش کے الزامات قبول کر لیے۔




