جون 3, 2026

قومی سلامتی کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی: کور کمانڈرز کانفرنس

پاک فوج کی کور کمانڈرز کانفرنس میں واضح کیا گیا ہے کہ قومی یکجہتی، سلامتی اور استحکام کو نقصان پہنچانے کی کسی بھی کوشش کو ہر صورت ناکام بنایا جائے گا، چاہے اس کے پیچھے سیاسی عناصر ہوں یا کوئی اور۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی زیر صدارت 273ویں کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی، جس کا آغاز حالیہ دہشتگردی کے واقعات میں شہید ہونے والوں کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی سے کیا گیا۔
فورم نے دہشتگردی کے خلاف جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس میں اس امر پر زور دیا گیا کہ غیر ملکی ایما پر ہونے والی دہشتگردی کے خلاف مادرِ وطن کا دفاع کرنے والے سیکیورٹی اہلکاروں کی قربانیاں قابلِ فخر ہیں۔
چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے مسلح افواج کی غیر متزلزل جرات، اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت اور لازوال قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ افواجِ پاکستان ہر چیلنج سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
کانفرنس کے شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشتگردوں، ان کے سہولت کاروں اور معاونین کے خلاف بلا امتیاز اور فیصلہ کن کارروائی جاری رکھی جائے گی۔
آرمی چیف نے ملک بھر میں جاری انٹیلی جنس بنیادوں پر انسداد دہشتگردی کارروائیوں میں افواجِ پاکستان کی کاوشوں کو قابلِ تحسین قرار دیا۔
فورم نے دہشتگردی، جرائم اور سیاسی مفادات کے گٹھ جوڑ کو یکسر مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ مسلح افواج اور عوام کے درمیان فاصلے پیدا کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کہنا تھا کہ حکومت اور پاک فوج کی مشترکہ کوششوں سے ملک بتدریج استحکام کی جانب بڑھ رہا ہے، جبکہ عوام کی مضبوط حمایت پاکستان کو عزت اور وقار کی راہ پر گامزن کر رہی ہے۔
کانفرنس میں اندرونی و بیرونی سلامتی کی صورتحال، ملک کو درپیش خطرات اور آپریشنل تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
فورم نے بلوچستان حکومت کے ترقیاتی اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ سماجی روابط پر مبنی حکمت عملی دہشتگردی کے اسباب کے خاتمے میں مؤثر ثابت ہو رہی ہے، جبکہ دیگر علاقوں میں بھی ایسے اقدامات کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
شرکاء نے کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا اور مسئلہ فلسطین پر پاکستان کے اصولی مؤقف کی توثیق کی۔
کانفرنس میں غزہ میں فوری اور مستقل جنگ بندی، انسانی امداد کی بلا رکاوٹ فراہمی اور ایک آزاد فلسطینی ریاست کے لیے قابلِ اعتماد راستہ اختیار کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔
کانفرنس کے اختتام پر آرمی چیف نے کمانڈرز کو آپریشنل تیاری، نظم و ضبط، تربیت، جدید تقاضوں سے ہم آہنگی اور میدانِ جنگ میں اعلیٰ ترین پیشہ ورانہ معیار برقرار رکھنے کی ہدایات جاری کیں۔