جون 3, 2026

مئی 2025 کی جنگ میں افواجِ پاکستان نے دشمن کو مؤثر جواب دیا، وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ مئی 2025 کی جنگ کے دوران افواجِ پاکستان نے دشمن کو ایسا مؤثر جواب دیا جو وہ طویل عرصے تک یاد رکھے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ دفاع کو ترجیح دی اور قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا گیا۔
مظفرآباد میں یونیورسٹی آف آزاد کشمیر میں طلبا و طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ لیپ ٹاپ محض ایک مشین نہیں بلکہ نوجوانوں کے مستقبل کا وژن ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر لیپ ٹاپ دینا رشوت کے مترادف ہوتا تو آج ملک کے نوجوان ڈاکٹر، انجینئر اور آئی ٹی ماہر نہ بن پاتے، آج تک ایک بھی لیپ ٹاپ سفارش پر تقسیم نہیں کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اعلان کیا کہ آزاد کشمیر میں چار دانش اسکولوں کی تعمیر کی منظوری دی جا چکی ہے جبکہ مستقبل میں دانش یونیورسٹی کے قیام کا منصوبہ بھی شامل ہے تاکہ خطے کے نوجوانوں کو معیاری تعلیم کے مزید مواقع میسر آ سکیں۔
وزیراعظم نے مسئلہ کشمیر پر بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب کشمیر پاکستان کا حصہ بنے گا اور مقبوضہ کشمیر آزادی حاصل کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ اتحاد، یکجہتی اور مسلسل جدوجہد کے ذریعے کشمیری عوام کو ان کا جائز حق دلایا جائے گا۔