جون 6, 2026

اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیاں جاری، مزید 7 فلسطینی شہید

اسرائیل کی جانب سے غزہ میں جنگ بندی معاہدے کی مسلسل خلاف ورزیاں جاری ہیں اور تازہ کارروائیوں میں مزید 7 فلسطینی شہید ہوگئے۔ الجزیرہ کے مطابق جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی ڈرون حملے اور مشین گن فائرنگ کا سلسلہ نہیں رکا۔ ہفتے کے روز ہونے والی کارروائیوں میں جن 7 فلسطینیوں کو شہید کیا گیا، ان میں ایک 70 سالہ خاتون اور ان کا 25 سالہ بیٹا بھی شامل ہیں۔
غزہ کی وزارتِ صحت نے بتایا ہے کہ 11 اکتوبر کو جنگ بندی کے بعد سے اب تک مجموعی طور پر 367 فلسطینی اسرائیلی حملوں میں جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
قطر اور مصر نے صورتِ حال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنگ بندی ایک نہایت نازک مرحلے میں داخل ہو چکی ہے اور "غزہ اسٹیبلائزیشن فورس” کی فوری تعیناتی ناگزیر ہو گئی ہے تاکہ خطے میں استحکام پیدا کیا جا سکے۔
ادھر مقبوضہ مغربی کنارے میں بھی اسرائیلی آباد کاروں کے حملوں میں اضافہ ہو گیا ہے، جس کے باعث علاقے میں کشیدگی مزید بڑھ رہی ہے۔