کھاریاں (قاری نصیر احمد کلیار) کھاریاں پولیس نے کالے شیشوں اور بلیک پیپر والی گاڑیوں کے خلاف مؤثر کارروائی شروع کر دی ہے اور شہر بھر میں جاری کریک ڈاؤن کے دوران متعدد گاڑیوں سے موقع پر ہی کالے شیشے ہٹا دیے گئے ہیں، جبکہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر جرمانے بھی عائد کیے جا رہے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کسی بھی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور یہ کارروائیاں بلاتفریق جاری رہیں گی۔
ٹریفک ایجوکیشن یونٹ شہریوں کو آگاہ کر رہا ہے کہ گاڑیوں پر بلیک پیپر یا کالے شیشوں کا استعمال قانوناً جرم ہے، اس لیے شہری اپنی گاڑیوں کے شیشے قانونی اور شفاف رکھیں تاکہ کسی بھی قانونی کارروائی سے بچا جا سکے۔ پولیس حکام کے مطابق قانون کا احترام اور ٹریفک اصولوں پر عمل درآمد ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے، اور ان قوانین کی پابندی نہ صرف حادثات کی روک تھام میں مدد دیتی ہے بلکہ معاشرتی ذمہ داری کا ثبوت بھی ہے۔
پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ قانون پر عمل کریں، محفوظ رہیں اور ایک ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں تاکہ شہر میں نظم و ضبط برقرار رکھا جا سکے۔





