کراچی: شن بوکو شوتوکان کراٹے انسٹی ٹیوٹ کے زیر اہتمام اور شن بوکو ایسوسی ایشن کی زیر نگرانی لاہور میں منعقدہ کلر بیلٹ پروموشن اینڈ کراٹے ڈیمانسٹریشن اختتام پزیر ہوگئی۔ شن بوکو ایسوسی ایشن آف کراٹے ڈو پاکستان کے صدر و چیف انسٹرکٹرشیہان شہزاد احمد تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ تقریب کے دیگر معزز مہمانوں میں آل پاکستان شوتوکان کراٹے فیڈریشن کے صدرشیہان بشیر بٹ، انٹرنیشنل کراٹے آرگنائزیشن (ماتسوشیما) پاکستان کے برانچ چیف شیہان عطا حسین بٹ، پاکستان موئے تھائی فیڈریشن کے جنرل سیکریٹری میاں ریحان حمید، شوتوکان کراٹے کلب لاہور کے صدر شیہان فرخ بابر، شن بوکو ایسوسی ایشن پنجاب کے صدر شیہان اختر علی شیرازی، نائب صدر سینسی محمد عامر، فنانس سیکریٹری عبداللہ، میڈیا سیکریٹری عبدالرحمن مانی، نیشنل ریفری سینسی عمران طاہر، بلال جاپان کراٹے سینٹر کے چیف انسٹرکٹرسینسی بلال اور دیگر شامل تھے جن کو تقریب کے آرگنائزر اور انسٹی ٹیوٹ کے چیف انسٹرکٹر سینسی عبد الرحمن نے خوش آمدید کہا۔ پروموشن تقریب سے ایک دن قبل شیہان شہزاد احمد نے تمام کھلاڑیوں کے ٹیسٹ لئے اور اس موقعے پر ایک تربیتی سیشن بھی کروایا۔ ٹیسٹ کے اختتام پر کراٹیکاز نے مختلف پوزیشنز کے ساتھ اپنی بیلٹ حاصل کی جن میں گرین بیلٹ کے ٹیسٹ میں سرمد علی نے 100 میں سے 65 مارکس کے ساتھ جبکہ فاطمہ ھاشمی نے 62 مارکس کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کی۔ گرین بیلٹ ہی کے ٹیسٹ میں عبدالرحمن 54 مارکس، عائشہ علی 51 مارکس جبکہ ختیجہ ھاشمی 50 مارکس کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ براؤن بیلٹ کے ٹیسٹ میں محمد موسیٰ خان نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 72 مارکس کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کرلی جبکہ طحہٰ عثمان شیخ 63 مارکس کے ساتھ دوسری پوزیشن اور حاشر عثمان شیخ 56 مارکس کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ مہمان ماسٹرز نے کامیاب کھلاڑیوں کو بیلٹ، سرٹیفکیٹ اور پوزیشنز کی ٹرافیاں ایوارڈ میں جبکہ سینسی عبدالرحمن نے کراٹیکاز کو بیلٹ باندھے۔ آخر میں شن بوکو ایسوسی ایشن پنجاب کے صدر شیہان اخترعلی اور سیکریٹری و چیف انسٹرکٹر سینسی عبدالرحمن نے دیگر مہمانوں کے ہمراہ مل کر مہان خصوصی شیہان شہزاد احمد کو پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔ اس موقعے پرتمام شرکاء ماسٹرز کو شن بوکو شوتوکان کراٹے انسٹیٹیوٹ کی جانب سے تقریب کی یادگاری شیلڈز بھی پیش کی گئی






