انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی ایک اور بڑی وکٹ گر گئی ہے۔ جنوبی افریقہ کے سابق کپتان فاف ڈو پلیس کے بعد اب سابق انگلش کرکٹر معین علی بھی آئی پی ایل چھوڑ کر پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کھیلنے کے لیے تیار ہوگئے ہیں۔
معین علی نے انسٹاگرام پر پوسٹ میں کہا کہ یہ نئی شروعات کا وقت ہے اور وہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کے نئے دور میں شامل ہونے پر بہت پرجوش ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل اپنے بہترین معیار اور ورلڈ کلاس ٹیلنٹ کی وجہ سے ٹی ٹوئنٹی میں نمایاں مقام رکھتی ہے۔
سابق انگلش کرکٹر نے مزید کہا کہ پاکستان میں کھیلنا ہمیشہ ایک بہترین تجربہ رہا ہے، یہاں اعلیٰ معیار کی کرکٹ اور شائقین کا جوش و جذبہ قابل دید ہے، اور وہ اپنی بہترین کارکردگی دکھانے کے لیے تیار ہیں۔ معین علی نے کہا کہ وہ اس نئے اور خاص تجربے سے بہترین یادیں بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں فاف ڈو پلیس نے بھی سوشل میڈیا پر اعلان کیا تھا کہ وہ آئی پی ایل میں حصہ نہیں لیں گے اور پاکستان سپر لیگ میں کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے۔





