اکتوبر 31, 2026

بابر اعظم نے شاہد آفریدی کو پیچھے چھوڑ کر پاکستان کے سب سے زیادہ انٹرنیشنل کیچز لینے والے کھلاڑی کا اعزاز حاصل کر لیا

راولپنڈی: سابق پاکستانی کپتان بابر اعظم نے ایک اور شاندار اعزاز اپنے نام کر لیا ہے۔ بابر اعظم نے پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ انٹرنیشنل میچز میں کیچز لینے والے کھلاڑیوں میں سابق کپتان شاہد آفریدی کو پیچھے چھوڑ دیا۔

بابر اعظم نے یہ اعزاز سری لنکا کے خلاف سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے فائنل میں کوشل مینڈس کا کیچ پکڑ کر حاصل کیا۔ فائنل میچ میں بابر اعظم نے تین کیچز پکڑے اور مجموعی طور پر 170 انٹرنیشنل کیچز کے ساتھ شاہد آفریدی (167 کیچز) کو پیچھے چھوڑ دیا۔

فہرست میں پہلے نمبر پر سابق کپتان یونس خان ہیں جنہوں نے 281 کیچز کیے، دوسرے نمبر پر سابق کپتان انضمام الحق ہیں جنہوں نے 194 کیچز کیے، جبکہ شاہد آفریدی تیسرے سے چوتھے نمبر پر آگئے ہیں۔

مزید برآں، سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی فائنل میں بابر اعظم نے تین کیچز پکڑ کر ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ کیچ پکڑنے والے فیلڈر کا اعزاز بھی حاصل کر لیا۔ انہوں نے فخر زمان کو پیچھے چھوڑتے ہوئے 60 کیچز کے ساتھ پہلے نمبر پر جگہ بنائی، جب کہ فخر زمان 57 کیچز کے ساتھ دوسرے اور شعیب ملک 50 کیچز کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔