بنگلادیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کی چیئرپرسن اور سابق وزیرِاعظم بیگم خالدہ ضیاء کو ڈھاکا کے اسپتال میں طبی معائنے کے لیے داخل کروا دیا گیا ہے۔
میڈیکل ٹیم کے رکن اور ذاتی معالج پروفیسر اے زیڈ ایم زاہد حسین نے میڈیا کو بتایا کہ یہ فیصلہ خالدہ ضیاء کے علاج کے لیے تشکیل شدہ میڈیکل بورڈ کی سفارش پر کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سابق وزیرِاعظم کو میڈیکل بورڈ کے مشورے پر متعدد اہم ٹیسٹوں کے لیے اسپتال میں داخل کیا گیا ہے اور ٹیسٹ رپورٹس کا جائزہ لینے کے بعد بورڈ آئندہ اقدامات کا فیصلہ کرے گا۔
خیال رہے کہ 79 سالہ بیگم خالدہ ضیاء کو اس سے قبل 15 اکتوبر کو معمول کے طبی معائنے کے لیے اسپتال لایا گیا تھا، جہاں ضروری ٹیسٹوں کے بعد اگلے دن انہیں گھر منتقل کر دیا گیا تھا۔
بنگلادیشی میڈیا کے مطابق خالدہ ضیاء گزشتہ کئی برسوں سے متعدد پیچیدہ بیماریوں کا شکار ہیں، جن میں گٹھیا (آرتھرائٹس)، ذیابیطس، گردوں کے مسائل، پھیپھڑوں کی تکالیف اور آنکھوں کے امراض شامل ہیں۔





