اکتوبر 29, 2026

منڈی بہاؤالدین: ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم کی زیر نگرانی ڈینگی سے بچاؤ کی انسدادی مہم کا آغاز

منڈی بہاوالدین (ڈاکٹر شاہد راٹھورسے) ضلع بھر میں ڈینگی سے بچاؤ کے لیے انسدادی مہم کا آغاز ، ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم کی زیر نگرانی لاروا سائیڈنگ، ان ڈور سرویلنس اور آگاہی سرگرمیاں جاری،ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم کی ہدایت پر ضلع بھر میں ڈینگی بخار سے بچاؤ کے لیے بھرپور انسدادی مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ مہم کی مجموعی نگرانی ڈی ایچ او (پی ایس) ڈاکٹر محمد افتخار، سی ڈی سی آفیسر ارشد محمود اور ڈسٹرکٹ فوکل پرسن برائے ڈینگی غضنفر علی فیلڈ ٹیموں کی کارکردگی اور روزانہ کی رپورٹوں کی مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔ انسدادی مہم کے دوران محکمہ صحت کی ٹیمیں لاروا سائیڈنگ، ان ڈور و آؤٹ ڈور سرویلنس، گھروں اور عوامی مقامات پر مچھر کی افزائش گاہوں کی نشاندہی، صفائی ستھرائی اور آگاہی مہم کے سلسلے میں سرگرم عمل ہیں۔ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم نے کہا کہ ڈینگی کے خاتمے کے لیے عوام کا تعاون نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ گھروں، چھتوں اور گملوں میں پانی جمع نہ ہونے دیں کہ محکمہ صحت کی ٹیمیں روزانہ کی بنیاد پر فیلڈ میں موجود ہیں اور تمام رپورٹوں کو مرکزی کنٹرول روم میں مانیٹر کیا جا رہا ہے۔ ڈسٹرکٹ فوکل پرسن برائے ڈینگی غضنفر علی نے کہا کہ تمام ٹیموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ لاروا تلفی (Larvae ciding) اور انڈور سرویلنس کے عمل کو مزید مؤثر بنائیں، تاکہ ڈینگی مچھر کی افزائش کو مکمل طور پر روکا جا سکے۔ سی ڈی سی آفیسر ارشد محمود نے مزید کہا کہ عوام میں آگاہی پیدا کرنا اس مہم کا اہم حصہ ہے، تاکہ ہر شہری اپنے اردگرد کے ماحول کو صاف رکھ کر ڈینگی کے پھیلاؤ کو روکنے میں کردار ادا کرے۔