اکتوبر 30, 2026

پاکستان کو اقوام متحدہ میں مستقل رکنیت دی جائے: فورسز کالج لالہ موسیٰ میں او آئی سے کے علامتی اجلاس میں شرکا کا مشترکہ اعلامیہ جاری

فورسز گروپ آف کالجز، لالہ موسیٰ کیمپس میں او آئی سی (Organization of Islamic Cooperation) کا ایک علامتی اجلاس منعقد کیا گیا جس میں طلبہ و طالبات نے مختلف مسلم ممالک کے سفیروں (ایمبیسڈرز) کے طور پر شرکت کی اور اپنے اپنے ممالک کے مؤقف اور نظریات کی نمائندگی کی۔ اجلاس کا مرکزی موضوع علامہ محمد اقبالؒ کے پیغام "ایک ہوں مسلم حرم کی پاسبانی کے لیے” پر مبنی تھا، جس کے تحت مسلم امہ کے اتحاد، یکجہتی اور باہمی تعاون کی ضرورت پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ طلبہ و طالبات نے مختلف اسلامی ممالک کی نمائندگی کرتے ہوئے امتِ مسلمہ کو درپیش چیلنجز اور ان کے حل کے لیے تجاویز پیش کیں۔ اس موقع پر طلبہ نے نہ صرف سفارتی آداب اور گفتگو کے عملی مظاہرے کیے بلکہ امت کے اتحاد کے پیغام کو اجاگر کیا۔ تقریب کے آخر میں منتظمین کی جانب سے طلبہ کی کارکردگی کو سراہا گیا اور اس بات پر زور دیا گیا کہ نوجوان نسل علامہ اقبالؒ کے افکار سے رہنمائی حاصل کرتے ہوئے امت مسلمہ کی قیادت میں اپنا کردار ادا کرے۔