اکتوبر 31, 2026

سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر سید عطاالمنعم کے ضلع گجرات کے مختلف مراکز صحت کے اچانک دورے

نونانوالی (ڈاکٹر غُلا شبیر) چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی گجرات ڈاکٹر سید عطاالمنعم نے بغیر پیشگی اطلاع ضلع کے مختلف مراکز صحت کا اچانک دورہ کیا۔

دورے کے دوران سی ای او ہیلتھ نے بنیادی مراکز صحت موبری شریف، دھوریہ، مرزا طاہر اور رورل ہیلتھ سنٹر پنڈی سلطان پور کا تفصیلی معائنہ کیا۔
انہوں نے عملے کی حاضری، صفائی ستھرائی، ادویات کی دستیابی اور روٹین حفاظتی ٹیکہ جات کی کارکردگی کا جائزہ لیا جبکہ غیر حاضر عملے سے وضاحت طلب کی۔

بعد ازاں ڈاکٹر سید عطاالمنعم نے یونین کونسل دھوریہ کے گاؤں سنت پورہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ڈینگی سرویلینس، روٹین ایمیونائزیشن اور زچہ و بچہ کی صحت کے پروگرامز کے سلسلے میں لیڈی ہیلتھ سپروائزرز اور لیڈی ہیلتھ ورکرز کی کارکردگی کا معائنہ کیا۔

آخر میں سی ای او ہیلتھ نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال لالہ موسیٰ کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے عملے کی حاضری، ایمرجنسی سروسز اور داخل مریضوں کے علاج و معالجے کا جائزہ لیا۔
ڈاکٹر سید عطاالمنعم نے ہسپتال انتظامیہ کو صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں جبکہ ناقص کارکردگی اور غیر حاضری پر متعلقہ عملے سے وضاحت طلب کر لی گئی۔