نونانوالی (ڈاکٹر غُلا شبیر) ڈپٹی کمشنر گجرات نورالعین کی ہدایت پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی گجرات کی جانب سے انسدادِ عطائیت کی کارروائیاں جاری ہیں۔ کارروائی کے دوران 4 غیر قانونی کلینکس کو سیل جبکہ 2 کو سخت وارننگ جاری کی گئی۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی گجرات ڈاکٹر سید عطاء المُنعم کی زیر نگرانی ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر محمد عثمان نعیم نے اینٹی کوئکری ٹیم کے ہمراہ محلہ فیض آباد، محبت پورہ اور فوارہ چوک کے علاقوں میں 6 کلینکس چیک کیے، جن میں سے 2 عطائی کلینکس کو سیل کر دیا گیا۔
اسی طرح تحصیل کھاریاں میں ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر وحید کامران نے یونین کونسل بھدر، سہنہ اور بھگوال میں 6 کلینکس کی چیکنگ کی۔ کارروائی کے دوران کاظمی میڈیکل سٹور (سہنہ) اور عمران کلینک (بھگوال) کو اینٹی کوئکری آرڈیننس کے تحت سیل کر دیا گیا۔
مزید برآں، الرحمٰن ہومیوپیتھک کلینک کے ہومیو ڈاکٹر کو پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کے احکامات پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے سخت تنبیہ جاری کی گئی۔
تمام کیسز مزید کارروائی کے لیے پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن (PHC) کو ارسال کر دیے گئے۔





