سعودی عرب (ادریس احمد گنجہ سے )اسلامی یکجہتی کھیل 2025 میں پاکستانی ایتھلیٹس کی شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری ہے۔ باکسنگ، کُراش اور دیگر مقابلوں میں کھلاڑیوں نے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کرتے ہوئے ملک کا نام روشن کیا،مردوں کے باکسنگ ایونٹ میں قدرت اللہ نے 55 کلوگرام کیٹیگری میں سوڈان کے حریف یوسف حسا عبدالعزیز محمد عثمان کو شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی، جس کے ساتھ ہی اُنہوں نے پاکستان کے لیے کم از کم کانسی کا تمغہ یقینی بنا لیا ہے،خواتین کے باکسنگ مقابلوں میں فاطمہ زہرہ نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے پہلی مرتبہ سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی۔ اُنہوں نے مضبوط اعصاب اور بے مثال جذبے سے اپنے حریفوں کو شکست دی۔ فاطمہ زہرہ کا کہنا تھا کہ اُن کا اگلا ہدف فائنل میں پہنچ کر پاکستان کا پرچم مزید بلند کرنا ہے،اسی دوران، عروشہ سعید نے کُراش کے ویمنز 57 کلوگرام ایونٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کانسی کا تمغہ جیت لیا، جو پاکستان کے لیے ایک اور فخر کا لمحہ قرار دیا جا رہا ہے،ماہرین کھیل کا کہنا ہے کہ پاکستان میں اکثر کرکٹ اور کرکٹرز کو ہی زیادہ سراہا جاتا ہے، جب کہ دیگر کھیلوں کے کھلاڑی بھی عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کر رہے ہیں۔ ان ایتھلیٹس کی محنت، لگن اور کارکردگی اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان میں ہر کھیل کا میدان باصلاحیت کھلاڑیوں سے بھرا ہوا ہے جنہیں توجہ اور حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے،پاکستانی کھلاڑیوں کی یہ کامیابیاں اُن کی محنت، جذبے اور حب الوطنی کی عکاس ہیں، جو ملک کے شائقین کھیل کے لیے امید کی نئی کرن ثابت ہو رہی ہیں۔





