جون 2, 2026

حکومت اور شیعہ قیادت کے درمیان اتفاق، اربعین مارچ مؤخر

کراچی: زمینی راستے سے زائرین کے کربلا جانے پر پابندی کے خلاف ہونے والا اربعین مارچ مؤخر کر دیا گیا ہے حکومت، شیعہ علما کونسل اور مجلس وحدت مسلمین (ایم ڈبلیو ایم) کے درمیان 7 نکاتی معاہدہ طے پا گیا، جس کے بعد مارچ کے بجائے مذاکرات پر اتفاق کیا گیا ہے۔گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور وفاقی وزیر مملکت طلال چوہدری نے شیعہ رہنماؤں کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مسئلے کا حل پرامن مذاکرات سے نکالا گیا ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ تمام فریقین اب اس بات پر متفق ہیں کہ احتجاج نہیں، بات چیت ہوگی۔وفاقی وزیر طلال چوہدری نے بتایا کہ حکومت اور مذہبی قیادت کے درمیان سات نکات پر مکمل اتفاق ہوگیا ہے، جن پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر زمینی سفر پر پابندی عارضی طور پر لگائی گئی تھی، تاہم زائرین کے مسائل کا حل نکالا جا رہا ہے۔طلال چوہدری نے مزید بتایا کہ جو زائرین تفتان بارڈر پر موجود ہیں، انہیں ایران میں داخلے کی اجازت دی جائے گی۔ ساتھ ہی زائرین کے لیے فضائی سفر پر رعایتی کرایے دیے جائیں گے اور آئندہ دو سے تین روز میں فلائٹ آپریشن بھی شروع کروا دیا جائے گا۔