کھاریاں (طاہر اقبال)کھاریاں شہر کے مین بازار میں حالیہ بارشوں کے باعث دکانوں کے اندر پانی داخل ہونے کی وجہ سے تاجروں کو شدید مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔ یہ ایک انتہائی افسوسناک صورتحال ہے، جس کی بنیادی وجہ نکاسی آب کے ناقص انتظامات اور نالوں کی بروقت صفائی نہ ہونا ہے ان خیالات کا اظہار مرکزی انجمن تاجران کے صدر عثمان اکبر عباسی نے حاجی عبدالروف صدر کھاریاں پریس کلب رجسٹرڈ سے انکے افس گریٹ آٹوز جی ٹی روڈ کھاریاں میں ملاقات کے دوران کیا انہوں نے مزید کہا کہ انتظامیہ کی یہ ذمہ داری تھی کہ مون سون سیزن سے قبل نالوں کی مکمل صفائی اور نکاسی آب کے مؤثر انتظامات کو یقینی بناتی، تاکہ ایسے نقصان دہ حالات سے بچا جا سکتا۔افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ اس سال بھی وہی غفلت دہرائی گئی، جس کے نتیجے میں کھاریاں کے تاجروں کو لاکھوں روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔ مرکزی انجمن تاجران کھاریاں شہر کی جانب سے ہم اس صورتحال پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں 1. انتظامیہ فوری طور پر ان تاجر حضرات کے نقصانات کا جائزہ لے جن کی دکانوں میں پانی داخل ہوا۔ 2. اسسٹنٹ کمشنر کھاریاں اور چیف آفیسر میونسپل کمیٹی کھاریاں فوری طور پر ایک واضح اور مؤثر پالیسی مرتب کریں تاکہ آئندہ ایسی صورت حال سے بچا جا سکے۔3. نکاسی آب کے نظام کو ہنگامی بنیادوں پر بہتر بنایا جائے اور تمام نالوں کی صفائی کا باقاعدہ شیڈول جاری کیا جائے۔4. تاجروں کے مال و جان کے تحفظ کے لیے حفاظتی اقدامات کیے جائیں، خاص طور پر مین بازار جیسے اہم تجارتی علاقے میں۔ ہم امید کرتے ہیں کہ متعلقہ حکام اس سنگین صورتحال کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ضروری اقدامات اٹھائیں گے تاکہ آئندہ اس قسم کے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے۔





