گجرات(نمائندہ خصوصی)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل افضل حیات تارڑ نے کہا کہ 27 ستمبر کو ورلڈ ٹورازم ڈے بھرپور طریقے سے منایا جائے گا۔ شہریوں میں سیاحت کے فروغ اور گجرات کی تاریخ و ثقافت کو اجاگر کرنے کے لیے سیمینارز اور آگاہی ریلیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ تمام محکمے اپنا پلان تشکیل دیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ورلڈ ٹورازم ڈے کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ سی ای او ایجوکیشن سید ولایت اللہ شاہ، ڈی ایف او معظم سعید، ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر راحیل باجوہ، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر ثمن اعجاز، اور انچارج سیکورٹی برانچ امجد پرویز بھی اس موقع پر موجود تھے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل افضل حیات تارڑ نے کہا کہ رام پیاری میوزیم میں اسکولوں کے طلباء و طالبات کے لیے آگاہی لیکچرز کا انعقاد کیا جائے گا۔ فارسٹ ڈیپارٹمنٹ پی پی ٹورازم انفارمیشن سینٹر میں واک کا اہتمام کرے گا۔ محکمہ سوشل ویلفیئر ثقافتی ملبوسات اور اشیاء کے اسٹالز لگائے گا جبکہ اسپورٹس ڈیپارٹمنٹ اسپورٹس ایونٹس اور آگاہی سیمینارز منعقد کرے گا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل افضل حیات تارڑ نے مزید کہا کہ ٹورازم کے فروغ کے لیے حکومت پنجاب احسن اقدامات کر رہی ہے۔ سیاحت کے فروغ کے ساتھ ساتھ ثقافتی ورثہ کی حفاظت بھی اولین ترجیح ہے۔ نئی نسل کو ثقافتی ورثے سے آگاہی دینے کے لیے گجرات میں بھرپور آگاہی مہم چلائی جائے گی۔





