گجرات: ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک کی ہدایات پر حالیہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے پیش نظر گجرات، کھاریاں اور سرائے عالمگیر میں تمام ٹرانسپورٹ روٹس پر کرایوں میں کمی کر دی گئی ہے۔ نئے کرایہ نامہ کے نفاذ کو یقینی بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ متحرک ہے اور باقاعدگی سے نگرانی کی جا رہی ہے۔اسی سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر کھاریاں زوہیب ممتاز نے جنرل بس اسٹینڈ کھاریاں جبکہ اسسٹنٹ کمشنر سرائے عالمگیر فاروق اعظم نے لاری اڈہ سرائے عالمگیر کا دورہ کیا۔ دونوں افسران نے نئے کرایہ نامہ پر عملدرآمد کا جائزہ لیتے ہوئے مسافروں سے کرایہ وصولی کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق ٹرانسپورٹرز کو فوری طور پر نئے کرایہ نامہ پر عمل کرنا ہوگا۔مزید برآں، گاڑیوں کی فرنٹ اسکرین اور اڈوں کے نمایاں مقامات پر نئے کرایہ نامہ کو آویزاں کیا جا چکا ہے تاکہ عوام کو آگاہی دی جا سکے۔ اسسٹنٹ کمشنرز نے وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ اگر ٹرانسپورٹرز نے اس ہدایت پر عمل نہ کیا تو ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ضلعی انتظامیہ اس بات کو یقینی بنا رہی ہے کہ عوام کو پٹرولیم قیمتوں میں کمی کا مکمل فائدہ پہنچے اور کرایہ جات میں کمی کے فیصلے پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے۔





