نومبر 3, 2026

بھارتی ویزا جاری نہ ہونے پر پاکستانی کیوئسٹ بین الاقوامی مقابلے میں شرکت سے محروم

بھارت کی جانب سے ویزا جاری نہ ہونے پر پاکستان کی اسنوکر ٹیم ورلڈ جونیئر اسنوکر چیمپئن شپ میں شرکت سے محروم رہ گئی۔پاکستانی کھلاڑیوں کو بنگلور میں آج سے ہونے والی آئی بی ایس ایف ورلڈ انڈر 17 اور انڈر 21 اسنوکر چیمپئن شپ میں شرکت کرنا تھی۔پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) اور دیگر متعلقہ اداروں کی جانب سے پاکستانی دستے کو شرکت کی اجازت مل چکی تھی تاہم بھارتی حکام نے پاکستان ٹیم کےلیے کلیئرنس جاری نہیں کی۔ایونٹ میں پاکستان کے تین کیوئسٹ احسن رمضان، حسنین اختر اور حمزہ الیاس کو شرکت کرنا تھی جبکہ نوید کپاڈیا کو بطور ریفری جانا تھا لیکن ویزے جاری نہ ہونے کی وجہ سے ٹیم بھارت کا سفر نہ کرسکی۔ پاکستان بلیئرڈز اینڈ اسنوکر ایسوسی ایشن (پی بی ایس اے) نے کھلاڑیوں کےلیے اہم مواقع ضائع ہونے پر گہری مایوسی کا اظہار کیا۔پی بی ایس اے کا کہنا تھا کہ ایونٹ میں پاکستانی کھلاڑیوں کے میڈلز جیتنے کے امکانات بہت زیادہ تھے، ان کی عدم شرکت انتہائی مایوس کن ہے۔ترجمان کے مطابق پی بی ایس اے نے بھارت کی بلیئرڈز اینڈ اسنوکر فیڈریشن اور انٹرنیشنل بلیئرڈز اینڈ اسنوکر فیڈریشن کے خلاف باضابطہ احتجاج ریکارڈ کروایا ہے