نومبر 3, 2026

ضلع گجرات کے نامور صحافی لیاقت علی قادری کی یاد میں فرینڈز آف کھاریاں کے زیر اہتمام تعزیتی ریفرنس کا انعقاد ، تقریب کی صدارت چوہدری نصر اقبال سکھ چین جبکہ ڈائریکٹر ایکسپریس میڈیا گروپ سیف الاعظم خان مہمان خصوصی تھے

گلیانہ (انصر فاروق مغل)ضلع گجرات کے نامور صحافی ، سوشل ورکر اور مذہبی کارکن لیاقت علی قادری کی یاد میں فرینڈز آف کھاریاں کے زیر اہتمام ایک تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کی صدارت نامور سماجی رہنما اور فرینڈز آف کھاریاں کے ایگزیکٹو ممبر چوہدری نصر اقبال سکھ چین نے کی جبکہ ایکسپریس میڈیا گروپ کے ڈائریکٹر سیف الاعظم خان مہمان ِ خصوصی تھے۔ تعزیتی ریفرنس میں ضلع گجرات کی معروف سماجی، صحافتی اور مذہبی شخصیات نے شرکت کی ۔ تقریب کی کمپیئرنگ نامور کالم نویس اور شاعر نیئر صدیقی نے کی۔ حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے سیف الاعظم خان کا کہنا تھا کہ لیاقت علی قادری جیسا دردِ دل رکھنے والا اور پروفیشنل رپورٹرایکسپریس نیوز کی پاکستان بھر کی ٹیم میں موجود نہیں۔ وہ ایک تاریخ ساز شخصیت تھے جنہوں نے اپنے قلم اور اپنے کردار کی بناء پر ہمیشہ معاشرے کی فلاح و بہبود میں بھرپور کردار ادا کیا۔ چوہدری نصر اقبال آف سکھ چین نے کہا کہ لیاقت علی قادری کی جادوئی شخصیت ہمیشہ دوستوں کوملانے کے کام آتی تھی۔ انہوں نے ہمیشہ مثبت صحافت کی اور اپنے لوگوں کیلئے آسانیاں پیدا کرنے کی کوشش کی ۔ تحریک تحفظ اسلام کے مرکزی امیر غازی ثاقب شکیل جلالی نے کہا کہ لیاقت علی قادری کی ختم نبوت کیلئے خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ انہوں نے ختم نبوت ریسرچ سنٹر کے قیام کیلئے انتھک جدوجہد کی ۔ مرحوم کے صاحبزادے رضوان لیاقت قادری نے اپنی گفتگو میں اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنے والدِ محترم کے دوستوں اور اداروں کے تعاون سے ان کے مشن کو ہر صورت جاری رکھیں گے۔ تقریب سے حافظ غلام حسین سیالوی ،میاں محمد خان نورجمال، صاحبزادہ ضیاء الحسن اشرفی ، فرینڈز آف کھاریاں کے چیف آرگنائزر چوہدری ندیم منظور بیگہ،میاں غالب حسین آف خونن، صدر میاں محمد صفدر،ملک امجد علی، چوہدری وحید الدین ٹانڈہ، پروفیسر انوار احمد قادری، چوہدری عادل حیات پسوال، چوہدری زبیر انور ایڈووکیٹ، باؤ یاسین، عزیز الرحمٰن مجاہد، احسان الحق، میاں سلیم یوسف، چوہدری سجاول کوٹلہ سارنگ، گجرات پریس کلب کے صدر سید نوید شاہ، سابق صدر عبدالستار مرزا، لالہ سعید اقبال مرزا اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ تقریب کے اختتام پرکھاریاں آرٹس کونسل کے ڈائریکٹر رزاق انصاری نے لیاقت علی قادری کی یاد میں ایک پینٹنگ سکھ چین ہاؤس میں آویزاں کرنے کیلئے چوہدری نصر اقبال کو پیش کی۔